لوٹی ہوئی رقم واپس کریں‌، کل ہی استعفیٰ لے لیں، وزیر اعظم عمران خان کی پیشکش

وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لوٹی ہوئی رقم قومی خزانے میں جمع کرادے وہ کل ہی استعفیٰ دے دیں گے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نے نہ لانگ مارچ کیا نہ لوگوں کو اکٹھا کرنے میں کامیاب ہوئی،31 دسمبر کے بعد 31 جنوری بھی گزر گئی اب استعفے دینے کی بجائے یہ سینیٹ الیکشن لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ استعفیٰ دینے کی جرأت نہیں رکھتے۔

وزیراعظم نے اسلام آباد میں وفاقی محتسب کشمالہ طارق کے بیٹے کی گاڑی کی ٹکر سے 4 افراد کی ہلاکت کا نوٹس بھی لیا اور وفاقی وزراء کی اضافی سیکیورٹی واپس لینے کی ہدایت کردی۔

یاد رہے کہ اسلام آباد میں سری نگر ہائی وے پر کشمالہ طارق کے پروٹوکول میں شامل 5 تیز رفتار گاڑیوں نے سگنل توڑتے ہوئےکار اور موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے تھے.پولیس کے مطابق سیکٹر جی الیون کے سگنل پر کشمالہ طارق کے پروٹول میں شامل گاڑیوں نے ایک گاڑی اور موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 2 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس نے بتایا کہ قافلے میں ایک سرکاری نمبر پلیٹ کی گاڑی بھی شامل ہے، ایک گاڑی میں کشمالہ طارق کے خاوند اور بیٹا بھی موجود تھے۔پولیس نے کشمالہ طارق کے خاوند وقاص خان کو تھانہ رمنا منتقل کر دیا جبکہ کشمالہ طارق کا بیٹا اور قافلے میں شامل دیگر افراد موقع سے فرار ہو گئے تھے.

واقعے کے بعد ملک وقاص کے فیاض دین نامی ڈرائیورنے خود کوگرفتاری کیلئے پیش کیا، واقعہ میں جاں بحق افراد کی شناخت انیس ، فیصل ،حیدراور فاروق کے نام سے کی گئی جن کا تعلق مانسہرہ سے تھا۔