راولاکوٹافواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے راولاکوٹ میں بڑی تعداد میں افراد نے زندہ باد پاک فوج ریلی نکالی

راولاکوٹ( کے ٹی وی نیوز )افواج پاکستان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلیے راولاکوٹ میں بڑی تعداد میں افراد نے زندہ باد پاک فوج ریلی نکالی اور بھرپور جلسہ عام کیا گیا۔ ریلی کی قیادت معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب و پی ٹی آئی کے سینئر رہنماء سردار تنویر الیاس خان نے کی۔ سردار تنویر الیاس خان کا آزادکشمیر کی سیاست میں حصہ لینے کے بعد یہ پہلا عوامی اجتماع تھا جس میں انہوں نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ کشمیری و پاکستانی قوم افواج پاکستان کیساتھ ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کشمیریوں کے بہترین وکیل اور سفیر ہیں۔ کشمیر کشمیریوں کا ہے گا اور اسے کوئی تقسیم نہیں کر سکتا۔ آزادکشمیر میں لوگ تحریک انصاف کی حکومت بنوایں ہم اس خطے کی تعمیر و ترقی کرنے سمیت تحریک آزادی کشمیر کیلیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ملک کی مسلح افواج نے ہمیشہ پاکستان کا سر پوری دنیا میں فخر سے بلند کیا ہے۔ پاک فضائیہ نے دو سال قبل بھارت کے دو جنگی طیارے گرا کر تاریخ رقم کی ہم اپنی فوج کو سلام پیش کرتے ہیں۔ سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ شہداء اور غازیوں کی سرزمین پر آج جم غفیر نے جمع ہو کر ایک نئی تاریخ رقم کی ہے ہم اپنے اسلاف کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ سردار ابراہیم خان ہمارا فخر ہیں۔ سردار قیوم خان ۔کے ایچ خورشید و دیگر قیادت کی قربانیوں اور خدمات کی وجہ سے یہ خطہ آزاد ہے ہوا آزادی کا بیس کیمپ بنا۔ جلسہ عام سے ممبر اسمبلی پیر علی رضا بخاری۔ سردار کاشان مسعود۔ حنیف اعوان۔ اخلاق رسول۔ سردار مرتضی علی۔ عتیق سخاوت۔ سردار رضوان۔ عامر ضیاء ۔ ڈاکٹر عرفان اشرف ۔راجہ رلشد۔ خورشید عباسی سمیت دیگر رہنماوں نے خطاب کیا۔ جلسہ سے قبل شرکاء ریلی نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے بھارت مخالف نعرے لگائے۔ سردار تنویر الیاس خان کا جلسہ گاہ پہنچنے پر والہانہ استقبال کیا گیا۔ تحریک آزادی جموں کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام ریلی اور جلسے کا اہتمام کیا گیا ۔سردار تنویر الیاس خان نے بوائز ڈگری کالج کے احاطے میں کیپٹن حسین خان شہید کی یادگار بنانے اور صابر شہید سٹیڈیم کو بہتر کرنے کا اعلان بھی کیا۔