وزیر اعظم آزاد کشمیر کے سدھنوتی دورے کا تیسرا روز، اربوں روپے مالیت کے منصوبوں‌کا افتتاح

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر راجہ محمدفاروق حیدر خان نے سدھنوتی کے دورہ کے تیسرے روزپلندری میں 1 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ڈسٹرکٹ ہسپتال پلندری، 55 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی.22.50 کلومیٹر پلندری کوٹلی سڑک، 47 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 22 کلومیٹر پلندری آزاد پتن سڑک، 26 کروڑ 73 لاکھ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 18 کلومیٹر پلندری چھلاڑ منگ سڑک کا افتتاح کیا.

اس کے علاوہ مزید 40 کروڑ لاگت کی گریٹر واٹر سپلائی سکیم پلندری، 13 کروڑ لاگت کی 5 کلومیٹر جھنڈا بگلہ تالا واڑی پارٹ 2 سڑک کا سنگ بنیاد رکھا۔

اس موقع پر وزیر صحت و خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان، مشیر حکومت نسیم سرفراز، مسلم لیگ ن سدھنوتی کے صدر اور ایڈمنسٹریٹر ضلع کونسل حاجی سردار منشاء خان، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر سردار یاسر منشاء بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے.

ڈسٹرکٹ ہسپتال پلندری کا افتتاح کرنے پہنچے پر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ نے سردار یاسر منشاء کی قیادت میں وزیر اعظم کا استقبال کیا اور انھیں‌ بڑی ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ لایا گیا،اس موقع پر مسلم لیگ ن، میاں محمد نواز شریف، راجہ فاروق حیدر خان اور وزیر صحت و خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔

خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے مالیاتی خود مختاری حاصل کی تو آزاد کشمیر بھر میں تعمیر و ترقی کے ریکارڈ قائم ہوئے، پلندری ہسپتال کی تعمیر میں رکاوٹیں دور کر کے اس کو بہترین انداز میں مکمل کیا،تمام حلقوں میں منصفانہ فنڈز فراہم کیے،

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف نے ہمارا بجٹ دوگنا کیا، ہم نے اپنے حقوق کیلئے جہدوجہد کی تو اپنے اختیارات حاصل کیے جس پر محمد نواز شریف اور شاہد خاقان عباسی کے شکرگزار ہیں،پہلے نائب قاصد کی آسامی کے لیے بھی پاکستان سے اجازت کی ضرورت تھی.

مورخ ہمارے 5 سالہ کارکردگی میں لکھے گا کہ ان لوگوں نے اپنے حقوق حاصل کیے جن کے لیے اس خطے کے لوگوں نے ڈوگرہ کے خلاف علم بغاوت بلند کیا تھا.

بحیثیت وزیراعظم اپنی ذمہ داری پوری کروں گا۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آزادکشمیر میں الیکشن کیوں تاخیر سے کرانا چاہتی ہے‘اس کے پیچھے سازش ہے جس کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، صرف آزاد کشمیر اسمبلی ہی آئینی ترمیم کے ذریعے سے اس میں تاخیر کر سکتی ہے، اپنے حق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، آزاد کشمیر میں اپنی مرضی کی حکومت بنانے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں، لوٹے اگھٹے کیے جا رہے ہیں، پاکستان کا وزیر اعظم ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن پی ٹی آئی چیئرمین کو اپنے حقوق پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دیں گے، ہماری یوتھ ہی ہمارا مستقبل ہے‘نوجوان مسلم لیگ ن کا ساتھ دیں، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری منصفانہ الیکشن کروانا ہے ان کو تمام تر وسائل مہیا کیے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام ہندوستان کی فسطائیت کامقابلہ کررہے ہیں‘مقبوضہ کشمیر میں چھ ہزار سے زائد گمنام قبریں، خواتین کی بے حرمتی اور معصوموں کا بے دردی سے شہید کیاجاتا ہے۔ اس خطہ کے عوام نے جس طرح 1947میں قربانیاں دیں آج بھی مقبوضہ کشمیر کے عوام ہم سے اسی جذبے کی توقع رکھتے ہیں۔

وزیرصحت و خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہسپتال کا ایک خواب آج شرمندہ تعبیر ہوا اور بہترین انداز میں پایہ تکمیل کو پہنچایا، وزیر صحت نے کہا کہ پورے حلقہ میں منصوبہ جات ہماری حکومت نے شروع کیے اور ہماری حکومت ہی آج افتتاح بھی کر رہے ہیں، وزیر اعظم راجہ فاروق حیدر خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے وسائل فراہم کئے،وزیرا عظم آزادکشمیر کی قیادت میں بے شمار ترقیاتی کام ہوئے جن کی مثال نہیں ملتی، ہماری حکومت نے بڑی شاہرات کوتعمیر کروایا، صحت، تعلیم سمیت ہر شعبے میں بہتری لائی گئی، آئندہ بھی انشاء اللہ کامیاب ہو کر رہ جانے والے بھی کام کریں گے، اللہ کے فضل و کرم سے پلندری کے لیے کام کیے جو گراؤنڈ پر نظر آ رہے ہیں۔

مقررین وزیراعظم اور وزیر صحت کا ڈسٹرکٹ ہسپتال کی تکمیل اور لوگوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔تقریب سے مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر سردار حاجی منشاء خان، مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے صدر سردار یاسر منشاء خان، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ سردار سہیل اعظم، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر آفتاب احمد، ایس ای عمارات خواجہ سجاد احمد، میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر شاہد حبیب، بریگیڈیئر ر اکبر، ممبر بار کونسل سردار حبیب خان ایڈووکیٹ، مسلم لیگ ن کے سینئر راہنما سردار تنویر الطاف ایڈووکیٹ، سردار مسعود انجم ایڈووکیٹ،سردار تنویر خادم، تنویر احمد قریشی ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا