سدھن ایجوکیشن کانفرنس بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی نشانی بھی ہے اور ہمارے پاس ان کی امانت بھی، عبدالقیوم نیازی

وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف نے ڈوگرہ حکمرانوںکی بربریت کے خلاف علم بغاوت بلند کیا،گولیاں کھائیں، کھالیں اتروا ئی اورر جانوں کے نذرانے پیش کیے۔ ان کی قربانیوں کی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی۔

غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان،مجاہد اوّل سردار محمد عبدالقیوم خان،بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور کریلوی خاندان کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہم آج آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔ وہ قومیں مٹ جاتی ہیں جو اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کر دیتی ہیں۔ ہماری زمین اور ہمارا ضمیر ایک ہے۔

آزاد کشمیر ریاست ہے۔ صوبہ ہے نہ ہی ملک بلکہ یہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے۔ بیس کیمپ کی حکومت تحریک آزادی کشمیر کے لئے اپنا کردار ادا کرئے گی۔ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک بھارت کے زیر قبضہ ریاست جموں وکشمیر آزاد نہیں ہوجاتی۔

انہوں نےکہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے آزاد کشمیر کو بلاتحصیص ہیلتھ کارڈ کی سہولت دی۔کشمیری وزیراعظم عمران خان کو اپنا محسن سمجھتے ہیں۔آزاد کشمیر میں وزیراعظم پاکستان کے ویژن کی روشنی میں تعمیر و ترقی کیلئے ہماری حکومت سرگرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ میری حکومت محض اعلانات نہیں کرتی بلکہ عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔کوٹلی ایک تاریخی ضلع ہے لیکن گزشتہ کئی حکومتیں اسے بگ سٹی کا درجہ نہ دے سکیں اللہ تعالے نے مجھ سے یہ خدمات لی۔ بگ سٹی کا اعلان کیا اور چند ہی دنوں میں نوٹیفکیشن کر اکے وہاں کے لوگوں کو ان کا حق دے دیا۔اسی طرح نیلم کا دورہ کیا، جورا کے مقام پر نیابت کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور ایک ہفتے کے اندر نوٹیفکیشن کر دیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔تقریب میں سابق صدر سردار محمد یعقوب خان،سابق صدر سردار انور خان،سابق وزیر بیگم شمشاد عزیز،ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالرزاق،سابق امیدوار اسمبلی سردار نیئر ایوب، سابق ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی، ڈی جی لبریشن سیل ارشاد محمود، سابق مشیر حکومت مرتضیٰ درانی اور سدھن ایجوکیشن کے صدر میجر مشتاق خان اور دیگر زعماء نے شرکت کی۔

کانفرنس کا مقصد راولاکوٹ میں زیر تعمیر سدھن ایجوکیشنل کمپلیکس کی تعمیر کے لیے فنڈز جمع کرنا تھا. کانفرنس راولپنڈی کے رائل پیلس ہوٹل میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی مہمان خصوصی وزیر اعظم آزادکشمیر سردار قیوم نیازی تھے .

کانفرنس کے بنیادی خیال کے مطابق ممبران ، عہدیداران اور شرکاء نے ایجوکیشنل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے فنڈ‌جمع کیا گیا.

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ بانی سدھن ایجوکیشن کرنل خان محمد خان کے ایک مٹھی آٹا کے وژن کو آگے لیکر چلیں گئے.

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ میری خواہش تھی کہ کوئی ایسی نشست ہو جہاں بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا جاسکے۔

سدھن ایجوکیشن کانفرنس بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان کی نشانی بھی ہے اور ہمارے پاس ان کی امانت بھی۔کرنل خان محمد خان نے علم کی شمع روشن کرکے پونچھ کے مسلمانوں کی بیداری میں اہم کردار ادا کیا۔

کرنل خان محمد خان اور سدھن ایجوکیش کانفرنس کے قوم پر بہت احسانات ہیں مگر جو احسان انہوں نے تعلیم کو فروغ دے کر کیا وہ ان کو ہمیشہ کے لیے زندہ و جاوید کرگیا۔

کرنل خان محمد خان کسی قبیلے یا علاقے کی میراث نہیں بلکہ وہ ہم سب کا فخر ہیں۔ وہ پونچھ کے سرسیّد احمد خان ہیں۔انہوں نے دیگر قبائل کے ہمراہ ایک ایسی بھرپور تحریک شروع کی کہ ہر رنگ و نسل کے لوگ آزادی کی جدوجہد کا حصہ بن گئے۔

یہ خان محمد خان ہی تھے جنہوں نے اپنی سیاسی زندگی کے عروج پر اسمبلی کی اپنی نشست نوجوان بیرسٹر سردار محمد ابراہیم خان کے لیے خالی کی۔ ان کی انگلی پکڑ کر انہیں سیاست میں متعارف کرایا۔

آج میں سردار فتح محمد کریلوی کا بھی ذکر کرناچاہتاہوں جنہوں نے خان محمد خان صاحب کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنی نشست خالی کی اور بیرسٹر یار محمد کو تحصیل حویلی اور مینڈھر سے الیکشن لڑایا۔

دونوں بزرگوں نے انگلی پکڑ کر سردار محمد ابراہیم خان اور بیرسٹر یار محمد کو سیاست کے داؤ پیج سکھائے۔

انہوں نے کہا کہ میں توقع کرتاہوں کہ سدھن ایجوکیش کانفرنس خان صاحب کے مشن پر گامزن رہے گی۔ خان صاحب کی جلائی ہوئی شمع کو جلائے رکھے گی۔

دنیا میں تنظیمیں بنتی ہیں اور قصہ ماضی بن جاتی ہیں لیکن یہ ہمارے برزرگوں کے خلوص اور دعاؤں کی برکت ہے کہ یہ تنظیم نہ صرف قائم و دائم ہے بلکہ خان صاحب اور اس کے بانیان کے لیے صدقہ جاریہ بن چکی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں تعلیم، سماجی اصلاحات اور نوجوان خواتین اور مردوں کو بااختیار بنانا سرفہرست ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی ہدایت ہے کہ ہم آزادکشمیر کو تیز رفتاری سے ترقی کی پٹری پر ڈالیں۔ ماضی میں جو کمزوریاں رہی ہیں وہ ہم دور کریں گے۔ میری ساری توجہ معاشی ترقی، بہتر انفراسٹرکچر کی تعمیر اور لوگوں کی ارباب اختیار تک رسائی آسان بنانے پر مرکوز ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے حکومت آزادکشمیر کی طرف سے سدھن ایجوکیشن کمپلیکس کی بلڈنگ کے لیے ایک کروڑ روپے عطیہ کا اعلان کیا۔

سابق صدر سردار انور خان نے اپنے خطاب میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو بھرپور تعاون کا یقین دلایا اور انہیں یادگار شہیدا راولاکوٹ کی تقریب میں بھی شرکت کی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔

تقریب کے میزبان اور سندھن ایجوکیشنل کانفرنس کے صدر میجر مشتاق خان نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی تقریب میں شرکت اور فلاحی کاموں کی حوصلہ افزائی کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا ۔