مسلم کانفرنس حلقہ بلوچ کے سابق امیدوار اسمبلی راجا ابرارالحق منہاس ایڈووکیٹ مستعفی

پلندری ۔ تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے معروف سیاسی رہنما اور قانون دان سابق امیدوار اسمبلی حلقہ بلوچ راجا ابرارالحق منہاس ایڈووکیٹ نے یہاں ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام آزاد کشمیر اسمبلی میں بلدیاتی الیکشن کے خلاف اور سپریم کورٹ کے حکم کے خلاف الیکشن کو التو میں ڈالنے کی سازش کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں مسلم کانفرنس سے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا پندرہویں ترمیم پر مسلم کانفرنس کی مسلسل خاموشی اور بلدیاتی انتخابات کے خلاف محلاتی سازشوں کا حصہ بننے پر جماعت سے مستعفی ہو کر آزاد کشمیر میں عام آدمی اور نوجوانوں کے ساتھ کھڑا ہو رہا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں وقار اور اقدار کی سیاست ختم ہو گئی ہے بڑی اور موروٽی سیاسی پارٹیوں نے سیاست صرف کاروبار اور اپنے بچوں پوتوں کے مفاد تک رکھ دی ہے ان کو اپنے مفادات کیلیے ریاست اور قومی تشخص بھی بیچنا پڑے تو یہ تیار بیٹھے ہیں

بلدیاتی الیکشن کسی صورت ملتوی نہیں ہونے دیں گے

ا کتیس سالوں کے بعد پڑھے لکھے نوجوانوں کو موقع مل رہا ہے طلبا یونین اور بلدیاتی اداروں جیسے انسٹیٹیوشنزسے نوجوان گروم کرتے ہیں اور ملک کو بہترین لیڈر شپ ملتی ہے لیکن ان روائتی سیاسی مافیا نے کبھی ایسا نہیں ہونے دینا کیوں کہ اس طرح ان کے بیٹوں پوتوں کا مستقبل خطرے میں پڑ جاۓ گا

انہوں نے کہا میں بلدیاتی الیکشن میں امیدوار نہیں ہوں میں قوم کے نوجوانوں کے مستقبل کی بات کرتا ہوں اسی لیے میں اس فرسودہ اور میرٹ دشمن نظام کے خلاف کھڑا ہوا ہوں ۔ انہوں نے کہا کشمیر کی یکجہتی قومی تشخص و وقار اور بلدیاتی الیکشن کیلیے پورے آزاد کشمیر میں نکلوں گا ہر اس تنظیم اور قوت کا ساتھ دیں گے جو اس ایجنڈے پر چلیں گے۔

انہوں چیف جسٹس سپریم کورٹ راجہ سعید اکرم کو سلام پیش کرتے ہیں ہم اسمبلی ممبران کے اس غیر قانونی غیر اخلاقی اور بنیادی انسانی حقوق اقدام کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے انشا اللہ جیت عام آدمی نوجوانوں اور حق کی ہو گی۔