شارجہ (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کی حمایت کا اعلان کر دیا ۔ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے شارجہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن تیاری کریں اور الیکشن میں حصہ لینے کا خواہش مند اپنے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں ، بلدیاتی الیکشن ہر صورت ہوں گے ، بلدیاتی الیکشن میں تاخیر کسی صورت قابلِ قبول نہیں، عمران خان کے ویژن کی روشنی میں اقتدار نچلی سطح پر منتقل کریں گے ، بلدیاتی الیکشن کے خلاف کسی سازش کا حصہ ہوں نہ ہی بنوں گا ، بلدیاتی الیکشن عوام کا حق ہے جو انہیں ملنا چاہیے ، سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں الیکشن کا انعقاد یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے ، بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے عوام کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں ، بتیس سال بعد اقتدار نچلی سطح پر منتقل کرنے کیلئے ہم نے جو اقدام اٹھایا تھا اسے منطقی انجام تک پہناوں گا۔ بلدیاتی الیکشن تحریک انصاف کا انتخابی منشور کا حصہ تھا ، الیکشن میں کیے گئے ایک ایک وعدے کو پورا کریں گے ۔۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے ذریعے نئی نوجوان قیادت سامنے آ گئی ، نوجوان قیادت کو سامنے آنا چاہیے تاکہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کا بھرپور استفادہ اٹھایا جا سکے ، سیاست کسی کی میراث نہیں۔ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ اگست 2022 میں وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا اور چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے اپنی پہلی ملاقات میں بلدیاتی الیکشن کی اجازت لی اور انہیں یقین دلایا کہ تحریک انصاف کے ویژن اور منشور کے مطابق بلدیاتی الیکشن کروا کر اقتدار عام آدمی تک پہنچائیں گے تاکہ تعمیر وترقی کے نئے دور کا آغاز ہو سکے ، بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں تمام رکاوٹوں کو ہٹانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا ، ہمارے اقدامات اور کوششوں پر سپریم کورٹ نے مہر ثبت کی اور حکم دیا کہ بلدیاتی الیکشن ہر صورت یقینی بنائے جائیں ، چیف جسٹس سپریم خراجِ تحسین کے مستحق ہیں کہ انہوں نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے اپنا بھرپور حق ادا کیا اور الیکشن کے انعقاد کیلئے تاریخی فیصلہ دیا جسے عوام انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ بلدیاتی الیکشن کو یقینی بنانے کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے تاکہ الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکے ، بلدیاتی الیکشن ہمارے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہیں ۔ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری بھارتی یوم آزادی کو یومِ سیاہ کے طور پر منا رہے ہیں ، دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں اور دنیا کو یہ پیغام دیا جا ہا ہے کہ بھارت کس طرح کشمیریوں کا حق آزادی سلب کیے ہوئے ہے۔ سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جو قابلِ مذمت ہیں ، 5 اگست 2019 کے بعد سے مظالم کا جو نیا سلسلہ شروع ہوا تھا وہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے ، نوجوانوں کو جعلی پولیس مقابلوں میں شہید کیا جا رہا ، یاسین ملک سمیت تمام حریت قیادت پر بے بنیاد اور جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے ہیں ، عالمی انسانی حقوق کی تنظیمیں ، اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو ان کا حق حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔
