انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میرپور کے زیر اہتمام گرلز سپورٹس ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب

حمیرا طارق ۔۔۔۔۔۔۔۔ اضطراب

انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میرپور کے زیر اہتمام گرلز سپورٹس ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب ۔

آزاد کشمیر میں انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ میرپور کے زیر اہتمام ہر سال سپورٹس ٹورنامنٹ کا انعقاد کیا جاتا ہے۔ اس سے قبل بہت عرصے تک ان ٹورنامنٹس کا انعقاد میرپور ڈویژن میں کیا جاتا رہا ہے۔ تاہم سال 2021 میں مظفرآباد ڈویژن کو ان ٹورنامنٹس کی میزبانی کے فرائض سونپے گئے۔ جبکہ اس سال 2022 میں میزبانی کے لئے پونچھ ڈویژن اور ضلع سدہنوتی کا انتخاب کیا گیا۔
اسی سلسلے میں ضلع سدہنوتی میں پہلی بار بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میرپور کے زیر اہتمام اور ڈویژنل ڈائریکٹوریٹ تعیلم نسواں پونچھ ڈویژن ریحانہ شاہ محمد کی زیر سرپرستی، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سدہنوتی صنم صغیر خان اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پلندری کی زیر نگرانی سپورٹس کمپلیکس سدہنوتی میں بین الاضلاعی گرلز سپورٹس گالا کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی بزرگ سیاسی رہنما اور موجودہ مشیر حکومت سردار محمد حسین خان تھے۔ جبکہ سیکرٹری ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن رزاق احمد ندیم نے صدارت کے فرائض سر انجام دیے۔ ان کے ساتھ ساتھ ڈی پی آئی ایلیمٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نسواں تسنیم گل، ڈویژنل ڈائریکٹر پونچھ ڈویژن ریحانہ شاہ محمد، ڈویژنل ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر پونچھ ڈویژن لقمان فاروق ، ضلع حویلی، باغ اور راولاکوٹ کی خواتین ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسران، مختلف سکولوں کی صدر معلمات، اساتذہ کرام اور سول سوسائٹی کے اراکین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ان کے علاوہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی مختلف سکولوں کی ٹیمیں بھی تقریب میں شریک ہوئیں۔ جن میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ایف ون میرپور، گرلز ہائی سکول پلندری ، گرلز ہائی سکول کوٹیڑہ، مسرت شاہین شہید گورنمنٹ گرلز ہائی سکول مظفرآباد، گرلز ہائی سکول نڑول مظفرآباد، گرلز ہائی سکول ٹاہلیان سدہنوتی، گرلز ہائی سکول جھنڈا بگلہ، گرلز ہائی سکول افضل پور، گرلز ہائی سکول پھگواٹی ہجیرہ، گرلز ہائی سکول کھوئی رٹہ، گرلز ہائی سکول سون ٹوپہ، گرلز ہائی سکول بیگالہ دہمنی راولاکوٹ، گرلز ہائی سکول منڈہول ہجیرہ، گرلز ہائی سکول ترنوٹی، گرلز ہائی سکول نمبر 2 راولاکوٹ، گرلز ہائی سکول افضل آباد دھاردھرچھ، گرلز ہائی سکول چٹی بٹی پونچھ، اور گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن ضلع سدہنوتی کی ٹیمیں شامل ہیں۔
تقریب کی نظامت کے فرائض گرلز ہائی سکول پلندری کی معلمہ عظمی سلیم نے سر انجام دیے۔ تقریب کا آغاز اللہ تعالی کے بابرکت کلام قرآن مجید سے کیا گیا۔ ہائی سکول پلندری کی کلاس نہم کی طالبہ ایمان تنویر نے نہایت خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک پیش کر کے تقریب کے شرکاء کے قلوب و اذہان کو منور کیا۔ اس کے بعد اسی ادارے کی کلاس ہشتم کی طالبہ رمشہ جمیل نے اپنی خوبصورت آواز میں نعتیہ کلام پیش کیا۔ اس کے بعد کشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ قومی ترانوں کے احترام میں سٹیڈیم اور گراونڈ میں موجود تمام شرکاء احتراما کھڑے ہو گئے۔
اس کے بعد آزاد کشمیر بھر کے مختلف سکولوں سے آئی ہوئی طالبات اور گرلز گائیڈ ایسوسی ایشن سدہنوتی کی طالبات کے دستوں نے مخصوص دھن پر مارچ پاسٹ کا خوبصورت مظاہرہ کیا۔ مارچ پاسٹ میں شرکت کرنے والی طالبات کا نظم و ضبط اور پر اعتماد انداز قابل دید تھا۔ طالبات کے اس پر اعتماد انداز اور نظم و ضبط کو تقریب کے شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ طالبات کے مارچ پاسٹ کے بعد مہمان خصوصی اور دیگر مہمانوں کو ان کی تشریف آوری پر خوش آمدید کہنے کے لئے ویلکم سانگ پر خوبصورت ٹیبلو پیش کیا گیا۔ جس میں ننھی منی طالبات نے نہایت خوبصورت انداز میں بہترین پرفارمنس پیش کر کے سب کے دل موہ لیے۔ طالبات کے ویلکم سانگ کے بعد گرلز ہائی سکول پلندری کی طالبات نے کلام حالی پر ایک ٹیبلو پیش کیا جسے تمام شرکاء نے بھرپور تالیاں بجا کر خراج تحسین پیش کیا۔
اگلے مرحلے میں گرلز ہائی سکول پلندری کی کلاس ششم کی طالبات نے انتہائی ماہرانہ انداز میں پی ٹی شو پیش کیا۔ پی ٹی شو میں طالبات کی مہارت عمدہ تربیت کی عکاس نظر آ رہی تھی۔ طالبات کے ماہرانہ اور تربیت یافتہ انداز سے صاف نظر آ رہا تھا کہ ان پر خصوصی محنت کی گئی ہے۔ طالبات کی دیگر تمام پرفارمنسز تو لاجواب تھیں ہی لیکن میزبان سکول کی کلاس نہم کی طالبات کی رنگ ڈرل نے تقریب کو چار چاند لگا دیے۔
اس کے بعد معزز مہمانوں کے خطابات کا سلسلہ شروع ہوا۔ میزبان صدر معلمہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پلندری شہناز قدیر نے تمام مہمانان گرامی بالخصوص مہمان خصوصی اور صدر تقریب کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے طالبات کو محنت، لگن اور پوری جانفشانی سے مقابلہ جات میں حصہ لینے اور سپورٹس مین سپرٹ کا رویہ اپنانے کی تلقین کی۔ ڈویژنل ڈائریکٹر ریحانہ شاہ محمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ “اللہ تعالی کا شکریہ ادا کرتی ہوں کہ اللہ تعالی نے آج ہمیں یہ موقع فراہم کیا کہ ہم اس خوبصورت تقریب کی میزبانی کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔” انہوں نے پروگرام کے بہترین انتظامات اور کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ ڈی پی آئی تسنیم گل نے اپنے خطاب میں تقریب میں شرکت پر فردا فردا تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ تسنیم گل کا کہنا تھا کہ “بلا شبہ آج ضلع سدہنوتی نے بہترین میزبانی کے فرائض سر انجام دیے”۔ انہوں نے پروگرام کے اغراض و مقاصد سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ “انٹر سکولز مقابلہ جات کا سلسلہ کئی ہفتوں سے جاری ہے ۔ ضلعی مقابلوں میں منتخب ہونے والی طالبات آج کے اس پروگرام میں شرکت کر رہی ہیں”۔ انہوں نے مقابلہ جات میں حصہ لینے والی ٹیموں کو مبارکباد پیش کی۔ تسنیم گل نے مہمان خصوصی سردار محمد حسین خان سے مطالبہ کیا کہ پلندری میں بچیوں کے لئے علیحدہ گراونڈ یا کوچنگ سنٹر مہیا کیا جائے تا کہ وہ اس سے بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں۔
اس کے بعد سیکرٹری تعلیم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر رزاق احمد ندیم نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے معزز مہمان خصوصی اور دیگر تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے کامیاب انعقاد پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ “بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ ضلع سدہنوتی میں پہلی بار اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے”۔ رزاق احمد ندیم نے کہا کہ “غازیوں اور شہیدوں کی اس دھرتی نے حق میزبانی نہایت خوش اسلوبی سے ادا کیا ہے” ۔ انہوں نے کہا کہ “اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد ایک صحت مند معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔ اور اس کے لئے ضروری ہے کہ ہر لیول کی بچیوں میں اس طرح کی غیر نصابی سرگرمیوں کو فروغ دیا جائے۔ ایکسٹرا کیریکلم ایکٹیویٹیز جہاں بچوں کی فزیکل ہیلتھ کے لئے ضروری ہیں وہاں ان کی ذہنی نشونما کے لئے بھی بے حد ضروری ہیں۔” رزاق احمد ندیم نے مختلف اضلاع کی ڈی ای اوز اور صدر معلمات کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے ادارہ جات میں نصابی سرگرمیوں میں بھی علمی استعداد کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ بچیوں کے بورڈ کے رزلٹ میں بھی بہتری لانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور بچوں پر انوسٹمنٹ ہماری سب سے بہترین انوسٹمنٹ ہے۔ اس کے لئے والدین اور اساتذہ کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہو گا”۔ انہوں نے سول سوسائٹی سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھی سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھائیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی سردار محمد حسین خان نے اپنے خطاب میں بہترین انتظامات پر انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی۔ اور کہا کہ “بچوں کی فزیکل فٹنس کے لئے اس طرح کی سرگرمیوں کا انعقاد بے حد ضروری ہے۔ محمد حسین خان کا مزید کہنا تھا کہ ایک بچی کی تعلیم پورے خاندان کی تعلیم ہے۔ کیونکہ اس بچی نے ایک پورے خاندان کی تربیت کرنی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بچیوں کی تعیلم بے حد ضروری ہے وہیں بچیوں کی تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ کیونکہ تربیت کے بغیر تعلیم کوئی معنی نہیں رکھتی۔ مشیر حکومت نے کہا کہ بچیوں کو اپنے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے دیکھ کر بے حد دلی مسرت ہوئی ہے۔ انہوں نے بورڈ کے حالیہ رزلٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو اپنے نتائج کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا۔
آخر میں میزبان ڈی ای او سدہنوتی صنم صغیر خان نے اپنے خطاب میں تمام مہمانوں بالخصوص سیکرٹری تعلیم رزاق احمد ندیم اور مہمان خصوصی سردار محمد حسین خان کا ان کی تشریف آوری پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ “تقریبا ایک مہینے سے گرلز ہائی سکول پلندری اس پروگرام کے کامیاب انعقاد کے لئے دن رات کوشاں ہے”۔ انہوں نے کہا کہ “ہمارے لئے باعث فخر ہے کہ اس ایونٹ کی میزبانی کے فرائض ہمیں سونپے گئے ۔ ہم نے پوری لگن اور جانفشانی سے اس ایونٹ کی تیاری کی تا کہ اس ایونٹ کو کامیاب بنایا جا سکے۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر صنم صغیر خان نے مہمان خصوصی سردار محمد حسین خان سے مطالبہ کیا کہ گرلز ہائی سکول پلندری چونکہ امتحانی مرکز بھی ہے اس لئے وہاں ایک امتحانی ہال کی بے حد ضرورت ہے۔ لہذا جلد از جلد گرلز ہائی سکول پلندری میں امتحانی ہال کی تعمیر کے لئے ضروری اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مختلف مقابلہ جات میں حصہ لینے والی طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “ہار اور جیت کھیل کا حصہ ہے۔ لہٰذا کھیل کے دوران سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کریں ۔ اور اپنی محنت کے تسلسل کو اسی طرح جاری رکھیں”۔
آخر میں ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی طالبات سے حلف لیا گیا۔ گزشتہ سال کی چیمپئن ایتھلیٹ راولاکوٹ کی طالبہ ایمن نے تمام کھلاڑیوں سے حلف لیا۔ اس کے بعد تمام مہمانوں نے گراونڈ کا رخ کیا اور وہاں باقاعدہ طور پر گیم 2022 کا آغاز کیا گیا۔
بلاشبہ پلندری سپورٹس کمپلیکس میں ایک بہترین پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اور سب سے اہم بات کہ ضلع سدہنوتی میں پہلی بار اس طرح کے ایونٹ کا انعقاد نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ اس ضمن میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سدہنوتی صنم صغیر خان کا خصوصی طور پر ذکر کرنا نہایت ضروری ہے۔ صنم صغیر خان پبلک سروس کمیشن کا امتحان پاس کر کے براہ راست کوٹے پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر منتخب ہوئیں۔ وہ ایک نوجوان، پر عزم ، قابل اور بھرپور صلاحیتوں کی حامل آفیسر ہیں۔ پلندری سپورٹس کمپلیکس میں اس شاندار تقریب کا انعقاد آپ کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ امید ہے کہ ضلع سدہنوتی صنم صغیر خان کی قیادت میں اس تسلسل کو جاری رکھے گا اور طلبہ و طالبات میں نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ بچوں میں کھیلوں کے رحجان کو فروغ دینے سے بچوں کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا بھرپور موقع ملے گا۔ اور بچوں میں صحت مند ہم نصابی سرگرمیوں میں شمولیت کا شوق پیدا ہو گا۔