یونائیٹڈ پاکستان کے زیر انتظام “راولپنڈی آرٹس کونسل” میں تاسیسی کنونشن کی تقریب

یونائیٹڈ پاکستان کے زیر انتظام “راولپنڈی آرٹس کونسل” میں تاسیسی کنونشن کی تقریب
اسلام آباد (کے ٹی وی نیوز)

یونائیٹڈ پاکستان کے زیر انتظام “راولپنڈی آرٹس کونسل” میں تاسیسی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن کے مہمان خصوصی سنٹرل پریذیڈنٹ یونائیٹڈ پاکستان سردار عبدالروف تھے اور مہمان اعزازی سنٹرل وائس پریذیڈنٹ میاں عدیل احمد، سنٹرل جنرل سیکرٹری عامر علی شاہ تھے۔یونائیٹڈ پاکستان کی مرکزی لیڈرشپ پاکستان میں شاہ ولی اللہ کے فلسفے و فکر پر استوار سوشلسٹ انقلاب کے داعی اول شاہ سعید احمد رائے پوری مرحوم جیسے نابغہ روزگار بزرگ کی براہ راست صحبت یافتہ اور تربیت یافتہ ہیں۔
کنونشن میں ملک بھر سے پاکستان کے محنت کش عوام کی نمائندہ نوجوانوں کی اجتماعیت نے شرکت کی۔ کنونشن سے مہمان خصوصی نے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں مسلط سرمایہ داری نظام اور امریکی سامراجی غلبہ اور اس کے تاریخی، سیاسی، معاشی اور سماجی محرکات کا تفصیلی تجزیہ کیا اور پاکستان میں انقلاب کی ناگزیریت کے تقاضوں کو اجاگر کیا اور پاکستانی قوم سے اس بات کا وعدہ کیا کہ ہم بہت جلد اس سرزمین پر تاریخ انسانی کا سب سے زیادہ جدید ترین، فطرت انسانیہ کی بطن کی اتھاہ گہرائیوں سے پھوٹنے والا اور تمام الہامی و عقلی تعلیمات کا نمائندہ اور مصدق سوشلسٹ انقلاب برپا کر کے پاکستان کے محنت کش عوام کو ظلم و استحصال کی طویل رات سے نجات دلا کر جدید ترقی یافتہ اقوام کی قیادت کی صفوں میں کھڑا کریں گے، تاکہ ہماری قوم کا نوجوان بھی سر فخر سے بلند کر سکے۔ ہمارے ملک کا وقار بھی دنیا میں بلند ہو۔