پاکستان بھر اور آزاد کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ مظفرآباد میں بابائے قوم عظیم حریت رہنماء مقبول بٹ شہید کی 39ویں برسی عقیدت و احترام اور تجدید عہد کے ساتھ منائی گئی۔ دنیا بھر میں مقبول بٹ شہید کے یوم شہادت کے موقع پر تمام آزادی پسند تنظیموں کے زیر اہتمام ریلیاں نکالی گئی، اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا کشمیری قوم کے عظیم رہنما کو بھرپور الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا جبکہ مقبوضہ کشمیر میں مکمل ہڑتال کی گئی.
مقبول بٹ کو بھارت میں 11 فروری 1984 کو حریت پسندی اور جدوجہد آزادیٔ کشمیر کی پاداش میں تختہ دار پر لٹکایا گیا تھا۔
آل حریت پارٹیز نے مقبول بٹ کی برسی پر وادی بھر میں شٹر ڈاؤن ہڑتال کا اعلان کیا تھا جس پر بھارتی فوج اور پولیس نے دکانیں اور ٹرانسپورٹ بند کرنے کی صورت میں سنگین نتائج بھگتنے کی دھمکی دی تھی۔
غیور کشمیریوں نے بھارتی فوج کی بزدلانہ کارروائیوں اور دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اور جگہ جگہ شہید رہنما کے پوسٹرز آویزاں کیے گئے۔
حریت رہنماؤں نے یادگاری اجتماعات میں شہید مقبول بٹ کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسی طرح آزاد کشمیر بھر میں بھی شہید کشمیر کی برسی پوری عقیدت و احترام سے منائی گئی ،جگہ جگہ شہید کو نذرانہ عقیدت پیش کیا گیا ، جگہ جگہ ریلیاں اور مظاہرے ہوئے جن میں زبردست الفاظ میں شہید کشمیر کو خراج تحسین پیش کیا گیا.
ضلع سدھنوتی کے ہیڈکوارٹر پلندری میں مقبول بٹ شہید کی برسی اور شہداء کشمیر ڈے اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا. ہندوستانی جبرو استبداد سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے. تحریک آزادی کشمیر کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے دینے والے اور وطن کی خاطر جان دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں ان کے ادھورے مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھیں گے. شہداء کشمیر اور مقبول بٹ شہید کی برسی پر یہ دن عزم نو کے طور پر منایا گیا. پلندری میں اس سلسلہ میں ایک زبردست ریلی کا انعقاد کیا گیا. ریلی کوٹلی چوک سے شروع ہو کر بازار کے مختلف حصوں سے ہوتی ہوئی پی ڈبلیو ڈی ریسٹ ہاوس چوک پر ایک جلسہ کی شکل اختیار کر گئی.
شرکاء ریلی نے شہداء کشمیر اور مقبول بٹ شہید کو زبردست انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا. کشمیر کی آزادی اور ہندوستانی مظالم پر مودی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی. پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد، شہداء کشمیر کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے فلک شگاف نعرے لگائے. شرکاء ریلی نے پاکستان کی سالمیت، افواج پاکستان کی قربانیوں پر پاکستانی فوج کو خراج تحسین پیش کیا. ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ہندوستانی جیلوں میں بند بے گناہ اسیران کی رہائی کے لیے ہندوستان پر دباؤ ڈالے.
ریلی کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر ہیڈکوارٹر سردار محمد پرویز خان نے کی جبکہ ریلی میں سول سوسائٹی، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نمائندگان، سرکاری و پرائیویٹ تعلیمی ادارہ جات کے اساتذہ کرام طلباء، صحافیوں سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی. ریلی کے اختتام پر کشمیر کی آزادی، پاکستان کی بقا و سالمیت افواج پاکستان کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں.